مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کے شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں بھارت کی قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پاکستان کے تمام خوابوں کو چکنا چور کردیا۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلیے 119 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں انڈین ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، 14 کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے روہت کو 10 رنز پر پویلین بھیجا جب کہ محمد سمیع نے پانچویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر دھون کو 6 اور رائنا کو صفر پر بولڈ کیا۔ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کیلیے 61 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، یووراج 23 گیندوں پر 24 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ویرات کوہلی 36 گیندوں پر 55 رنز اور ایم ایس دھونی 13 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد سمیع نے 2، وہاب ریاض اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، قومی ٹیم نے مقررہ 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔ شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا اور محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 38 رنز کا آغاز فراہم کیا، شرجیل خان 24 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ دوسری وکٹ احمد شہزاد کی صورت میں گری وہ 27 گیندوں پر 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلیے آنے والے کپتان شاہد آفریدی بھی اسکور کرنے میں ناکام رہے وہ 14 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کیلیے 41 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، عمر اکمل 16 گیندوں پر 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ شعیب ملک نے 15 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرفراز احمد 8 اور محمد حفیظ 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے ایشون، جڈیجا، اشیش نہرا، پانڈیا اور رائنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آپ کا تبصرہ